زبان دراصل کسی بھی علاقے کے رہنے والوں کی نہ صرف پہچان ہوتی ہے بلکہ کسی نہ کسی حوالے سے ان کے رہن سہن ،تہذیب و تمدن ،اخلاق و کردار کی ترجمان بھی ہوتی ہے۔گندھارا ہندکو بورڈ گزشتہ 23سال سے ہندکو زبان ، ادب و ثقافت کی ترویج و ترقی کیلئے کوشاں ہے جس کے تحت ہندکو زبان کی تحقیق ، کتابوں کی اشاعت ،مختلف مواقعوں پر مختلف حوالوں سے صوبہ بھر میں کانفرنسوں کا انعقاد شامل ہے۔اس بورڈ کے تحت اب تک 6 عالمی ہندکو کانفرنسیں جب کہ 8 کے پی کے لینگویجز کانفرنسیں منعقد ہو چکی ہیں ۔اس کے علاوہ گندھارا ہندکو بورڈ ہندکو اور دیگر زبانوں کے ادب و ثقافت کے حوالے سے کئی ادبی ،تنقیدی نشستیں ،ورکشاپس اور ثقافتی پروگرام بھی منعقد کروا چکا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ گندھارا ہندکو بورڈکوایک سال میں12 رسالے شائع کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔

ہندکووان: ہندکووان اخبار گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت شائع ہونے والا ہندکوہفت روزہ اخبار ہے ۔ اس اخبار کے مدیر محمد نعمان قیوم ہیں اور بانی اعزازی مدیر محمد ضیاء الدین ہیں۔اس اخبار کے اب تک 53 شمارے شائع ہو چکے ہیں۔ ہندکووان اخبارمیں عوامی ،سماجی،علاقائی مسائل کے حوالے سے ہندکو خبریں اور تصاویر شائع کی جاتی ہیں اور گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈیمی کے تحت ہونیوالے مختلف پروگراموں کی بھی خبریں اور رپورٹیں اس اخبار کی زینت بنتی ہیں۔

گندھارا وائس: گندھارا وائس رسالہ گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت شائع ہونیوالا سہ ماہی ہندکو رسالہ ہے جس کے ایڈیٹر انچیف گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری جناب محمد ضیاء الدین ہیں جبکہ نیوز ایڈیٹر محمد نعمان قیوم ہیں۔یہ رسالہ بھی ہندکو زبان میں تیار کیا جاتا ہے جس میں گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت ہونیوالے تحقیقی کاموں کے علاوہ ادبی، علمی اور ثقافتی پروگراموں اور کانفرنسوں کی خبریں شائع کی جاتی ہیں۔ اس کے کئی شمارے شائع ہو چکے ہیں۔

ہندکو ادب: ہندکو ادب رسالہ گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت چھپنے والا سہ ماہی ہندکو رسالہ ہے ۔ اس رسالے میں نہ صرف پشاور بلکہ پورے خیبر پختونخوا میں مختلف لہجوں میں بولی جانے والی ہندکو زبان کی ادبی تحریروں کو شامل کیا جاتا ہے جن میں حمد و نعت، غزل کے ساتھ ساتھ افسانے،انشائیہ،حرفی،نظمیں اور رپورٹیں وغیرہ شامل ہیں۔اس رسالے کے سرپرست گندھارا ہندکو بورڈ کے چےئرمین اعجاز احمد قریشی ہیں جبکہ مدیر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین ہیں۔
ہندکو وان سرخیل: ہندکووان سرخیل رسالہ گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت چھپنے والا سہ ماہی ہندکو رسالہ ہے ۔ اس رسالے کا ہر شمارہ کسی ایک نامور ہندکووان شخصیت کے حوالے سے شائع کیا جاتا ہے۔جس میں مولوی جی سرکار اور دلیپ کمار نمبراور نذیر بھٹی نمبرشائع ہو چکے ہیں ۔اس رسالے کے سرپرست گندھارا ہندکو بورڈ کے چےئرمین اعجاز احمد قریشی ہیں جبکہ مدیر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین ہیں۔ جبکہ ہندکووان سرخیل پروفیسر یحییٰ خالد نمبر، ڈاکٹر ظہور احمد اعوان نمبر، ڈاکٹر الٰہی بخش اختر اعوان نمبر، احمد فراز نمبر، آصف ثاقب نمبر، ڈاکٹر کبیر نمبر، حیدر زمان حیدر نمبر، جلال بابا نمبر، جسٹس رستم کیانی نمبر، نصیر سرمد نمبر، ساغر سرحدی نمبر، سائیں غلام دین ہزاروی نمبر، صوفی عبدالرشید نمبر، سید قمر عباس نمبر تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔

تارے: گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت شائع ہونیوالا بچوں کا رسالہ’’ تارے ‘‘سہ ماہی رسالہ ہے جس میں بچوں کی بساط کے مطابق مذہبی، ثقافتی ،تعلیمی اور علمی موضوعات پر ہندکو تحریریں شامل کی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ ہندکو ترانے، نظمیں، ہندکو قاعدہ اور کھیلوں کے حوالے سے تحریریں بھی اس رسالے میں شائع کی جاتی ہیں۔اس رسالے کے سرپرست گندھارا ہندکو بورڈ کے چےئرمین اعجاز احمد قریشی، مدیر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکریٹری محمد ضیاء الدین جبکہ سب ایڈیٹر گندھارا ہندکو اکیڈمی کے ریسرچ اسسٹنٹ علی اویس خیال ہیں۔

آن لائن ہندکووان: آن لائن ہندکووان شمارہ گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت شائع ہونیوالا سوشل میڈیا کا واحد ہندکو شمارہ ہے ۔ یہ شمارہ ہفتے میں دو بار شائع ہوتا ہے جس میں گندھاراہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں اور ریسرچ کے حوالے سے خبروں کو خوبصورت انداز میں رپورٹ اور ڈیزائن کر کے تصاویر سمیت فیس بُک اور گندھارا ہندکو بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔اب تک آن لائن ہندکووان کے ساٹھ شمارے شائع ہو چکے ہیں۔ آن لائن ہندکووان کے مدیر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکریٹری محمد ضیاء الدین جبکہ سب ایڈیٹر نعمان قیوم ہیں۔

کھوار نامہ: گندھارا ہندکو بورڈ جہاں ہندکو زبان کی ترویج وترقی کے لیے کوشاں ہے وہیں یہ بورڈ صوبے میں بولی جانے والی دیگر زبانوں کے ادب و ثقافت کے فروغ کے حوالے سے بھی کام کر رہا ہے۔ حال ہی میں گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت کھوار زبان کا رسالہ ’’کھوار نامہ‘‘ چھپ کر منظر عام پر آیاجو کہ مذکورہ رسالے کا آٹھواں شمارہ ہے اور اِس رسالہ کی ادارت فرید احمد رضا، جاوید اقبال جاویدؔ ، عطا حسین اطہرؔ اور ظہور الحق دانش کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ کھوار نامہ ایک ادبی رسالہ ہے جو کھوار اور چترال میں بولی جانے والی دیگر تیراں زبانوں کے تخلیقی ادب کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ یہ رسالہ کھوار اور چترال کی دیگر زبانوں میں نثری ادب کوفروغ دینے کے لئے صنف نثرمیں تخلیقی ادب پر زور دیتا ہے۔ اس رسالے میں طنز و مزاح، افسانہ، انشائیہ اور مختلف تحریریں شامل کی جاتی ہیں۔ اس رسالے کی طباعت کا انتظام گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکریٹری محمد ضیاء الدین کررہے ہیں۔

گندھارا نیوز: گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت چھپنے والے ماہوار رسالے گندھاراوائس کا ہندکو سے اردو ترجمہ کر کے اس کی خبروں کو گندھارا نیوز میگزین میں لگایا جاتا ہے یہ گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت شائع ہونے والاسہ ماہی رسالہ ہے جس میں گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت منعقد ہونے والے پروگراموں کی خبریں اور تحقیقی کاموں کے بارے میں خبریں انگلش میں شائع کی جاتی ہیں۔ اس رسالے کے دو شمارے شائع ہو چکے ہیں جبکہ تیسرا بھی عنقریب چھپ کے سامنے آ جائے گا۔

چینی خانہ: چینی خانہ گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت شائع ہونے والے آن لائن ہندکووان کا انگلش ایڈیشن ہے۔ یہ شمار ہ بھی ہفتے میں ایک بار شائع ہوتا ہے جس میں گندھاراہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں کو خوبصورت انداز میں تحریر اور ڈیزائن کر کے،تصاویر سمیت فیس بُک اور گندھارا ہندکو بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔

فاطمہ: گندھار ا ہندکو اکیڈمی کے تحت شائع ہونے والا رسالہ فاطمہ خالصتاً خواتین کا رسالہ ہے اور صوبے کی تاریخ میں کسی بھی زبان میں خواتین کا ادبی، علمی، ثقافتی تحریروں پر مشتمل واحد رسالہ ہے جو ہندکو زبان میں شائع ہورہا ہے۔ اس رسالے کے سرپرست اعلیٰ گندھارا ہندکو بورڈ کے چیئرمین جناب اعجاز احمد قریشی ہیں جبکہ مدیر اعلیٰ محمد ضیاء الدین ،مدیر حنا طاہر اور معاون اعزازی مدیر ثاقب حسین اور علی اویس خیال ہیں۔ اس رسالے میں گندھارا ہندکو بورڈ اور اکیڈمی کے تحت خواتین کے لکھے ہوئے ادبی اور تحقیقی مقالہ جات شامل کئے جاتے ہیں۔اس رسالے کے تین شمارے شائع ہو چکے ہیں۔

کوہستان وطن : گندھارا ہندکو بورڈ جہاں ہندکو زبان کی ترویج وترقی کے لیے کوشاں ہے وہیں یہ بورڈ صوبے میں بولی جانے والی دیگر زبانوں کے ادب و ثقافت کے فروغ کے حوالے سے بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔سوات سے شائع ہونے والا کوہستان وطن رسالہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔یہ سہ ماہی رسالہ وادی سوات میں بولی جانے والی آٹھ زبانوں کے ادب وثقافت کو ترویج دینے کیلئے شائع کیا جارہا ہے۔

سرگی دا تارا: سرگی دا تارارسالہ گندھارا ہندکو بورڈ(ہزارہ شاخ) کے تحت چھپنے والا سہ ماہی رسالہ ہے۔ جس کے سرپرست پروفیسر یحییٰ خالد جبکہ مدیرپروفیسر ملک ناصر داؤد ہیں، نذیر حسین شاہ کسیلوی معاون مدیر ہیں۔۔اس رسالے میں ہزارہ کے لکھاریوں کی ادبی تحریروں، افسانوں، نثر اور شاعری کو شامل کیا جاتا ہے۔یہ رسالہ ہندکو (ہزارہ لہجے) میں شائع کیا جاتا ہے۔اس رسالے کا شمارہ نمبر ایک شائع ہو چکا ہے۔

مدر: گندھارا ہندکو اکیڈمی کے تحت شائع ہونیوالے پہلے اور منفرد انگلش ریسرچ جرنل ’’مدر‘‘ کے اب تک دو شمارے شائع ہو چُکے ہیں۔ اس جرنل میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے محققین کے زبانوں کے حوالے سے تحقیق پر مبنی مقالہ جات شامل کئے جاتے ہیں۔مدرجرنل سال میں دو بار شائع ہوتا ہے اس کے چیف ایڈیٹرگندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین جبکہ ایڈیٹر اقراء نیشنل یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد عادل ہیں۔

سرحد یونیورسٹی نیوز لیٹر: گندھارا ہندکو بورڈ نے سرحد یونیورسٹی میں ہندکو چےئر قائم کی ہے اور اس چےئر کوہندکو زبان کے صوفی شاعر ’’احمد علی سائیں‘‘ کے نام سے منسوب کیا ہے۔ یہ نیوز لیٹر ’’احمد علی سائیں ہندکو چےئر‘‘ کے نام سے شائع ہورہا ہے۔یہ سہ ماہی نیوز لیٹر ہے جس میں گندھارا ہندکو اکیڈمی کی تحقیق پر مبنی خبریں اورمختلف سرگرمیوں کی تصاویر شائع کی جاتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ سرحد یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے پروگراموں کی انگلش خبریں بھی شائع کی جاتی ہیں۔

اباسین یونیورسٹی نیوز لیٹر : گندھارا ہندکو بورڈ نے اباسین یونیورسٹی میں ہندکو چےئر قائم کی ہے اور اس چےئر کو’’ڈاکٹر الٰہی بخش اختر اعوان ہندکو چےئر‘‘کا نام دیا ہے۔ یہ نیوز لیٹر ’’ ڈاکٹر الٰہی بخش اختر اعوان ہندکو چےئر‘‘کے نام سے شائع ہورہا ہے۔یہ سہ ماہی نیوز لیٹر ہے جس میں گندھارا ہندکو اکیڈمی کی تحقیق پر مبنی خبریں اورمختلف سرگرمیوں تصاویر شائع کی جاتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ اباسین یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے پروگراموں کی انگلش خبریں بھی شائع کی جاتی ہیں۔

سٹی یونیورسٹی: گندھارا ہندکو بورڈ نے سٹی یونیورسٹی میں ہندکو چےئر قائم کی ہے اور اس چےئر کو’’ڈاکٹرظہور احمد اعوان ہندکو چےئر‘‘کا نام دیا ہے۔ یہ نیوز لیٹر ’’ ڈاکٹر ظہور احمد اعوان ہندکو چےئر‘‘کے نام سے شائع ہورہا ہے۔یہ سہ ماہی نیوز لیٹر ہے جس میں گندھارا ہندکو اکیڈمی کی تحقیق پر مبنی خبریں اور تصاویر شائع کی جاتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ سٹی یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے پروگراموں کی انگلش خبریں بھی شائع کی جاتی ہیں۔

کوتل رنگ: گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت شائع ہونے والے اس مجلے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے ہندکووان لکھاریوں کی علمی، ادبی اور ثقافتی موضوعات پر مبنی تحریریں شائع کی جاتی ہیں۔ یہ ایک سہ ماہی مجلہ ہے جس کے مدیر محمد ضیاء الدین اور نائب مدیر علی اویس خیال ہیں جبکہ مجلس مشاورت میں سید مطیع اﷲ شاہ، حناء رؤف، محمد جان عاطف، لیاقت علی،سید معصوم شاہ ،حافظ ثناء اﷲ ،شجاعت علی راہی، معصوم شاہ معصوم اور سلمیٰ ملک شامل ہیں۔

گومل رنگ: گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت شائع ہونے والے اس مجلے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے ہندکووان لکھاریوں کی علمی، ادبی اور ثقافتی موضوعات پر مبنی تحریریں شائع کی جاتی ہیں۔ یہ ایک سہ ماہی مجلہ ہے جس کے مدیر محمد ضیاء الدین اور نائب مدیر علی اویس خیال ہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔