Event Description

پریس ریلیز

پشاور( )مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عالمی دن کے موقع پرگندھارا ہندکو بورڈ کے زیر اہتمام گندھارا ہندکو اکیڈمی کے ظہور احمد اعوان کمیٹی روم میں ایک اجلا س منعقد ہواجس کی صدارت گندھارا ہندکو بورڈکی مجلس عاملہ کے ممبر ،ڈائریکٹر پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور ممتاز کالم نگار ضیاء الحق سرحدی نے کی جبکہ مہمان خصوصی گندھارا ہندکو بورڈ کے پروگرامز کوآرڈینیٹر فرید اﷲ قریشی تھے۔اقوام متحدہ کے اس سال دئیے گئے عنوان’’قیام امن کیلئے کثیر اللسانی جہتوں کا ادراک‘‘کے تحت حاضرین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ مہمان خصوصی نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں بالخصوص سات زبانیں بولی جاتی ہیں اور اس لحاظ سے خیبر پختونخوا ست لسانی صوبہ ہے جس میں ہندکو، سرائیکی، کوہستانی ،کھوار ،گوجری اور فارسی زبان کو سرکاری سرپرستی حاصل نہیں اور پشتو جس کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس زبان کو بھی مزید ترقی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں ابتدائی تعلیم کیلئے مادری زبانوں میں تعلیم حاصل کرنے کے حق کو تسلیم کیا گیا تھا جبکہ ابھی اس جانب کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی ۔ انہوں نے اس ضمن میں حکومت خیبر پختونخوا سے اپیل کی کہ وہ مادری زبانوں میں ابتدائی تعلیم کے مواقع میسر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ۔گندھارا ہندکو اکیڈمی اس لحاظ سے مبارکباد کی مستحق ہے کہ اس نے اس حوالے سے صوبے کی تمام علاقائی زبانوں کو اہمیت دیتے ہوئے ان کی زبان، ادب اور تحقیق کی ترقی کو ممکن بنایا ہے اور اس سلسلے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں 8 کے پی کے لینگویجز کانفرنسز منعقد کروائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ جدید دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،مادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔ زبان صرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندکو خیبر پختونخوا میں بولی جانیوالی دوسری بڑی زبان ہے اور ہندکو سمیت دیگر علاقائی زبانوں کی ترقی میں گندھارا ہندکو بورڈ کا کردار لائق تحسین ہے۔

مورخہ21 فروری2018

.

More images

For more images, check out our complete gallery for this event.