Event Description

پریس ریلیز

پشاور( ) گندھارا ہندکو بورڈاور گندھارا ہندکو اکیڈمی کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب گندھارا ہندکو اکیڈمی کے ڈاکٹر ظہور احمد اعوان کمیٹی روم میں منعقد ہوئی ۔ تقریب کی صدارت جناح کالج برائے خواتین کی پروفیسرڈاکٹر گلناز بانو نے کی جبکہ مہمانان اعزازتحریک انصاف کی ٹاؤن ممبر اسمبلی رخمینہ خورشید اور محققہ ،ادیبہ اور شاعرہ قدسیہ قدسی تھیں۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اقوام متحدہ کے اس سال دئیے گئے عنوان ’’شہری اور دیہی خواتین کی زندگی میں انقلاب کا وقت آ پہنچا ‘‘کے تحت حاضرین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ڈاکٹرگلناز بانو نے کہا کہ معاشر ے کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے مگر بد قسمتی سے دنیا بھرمیں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھاجاتا ہے ،عورتوں کو مردوں کے مقابلے میں وہ اہمیت نہیں دی جاتی جس کی وہ حقدار ہیں۔ اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دیہاتی خواتین کو تعلیم کی سہولتیں دینا ریاست کے بنیادی فرائض میں سے ہے اور ہمارے ہاں اجتماعی طور پر اس جانب حکومت غفلت کا شکار ہے۔یہ ضروری ہے کہ خواتین کے تعلیمی اداروں کو نہ صرف زیادہ کیا جائے بلکہ تعلیم کے حوالے سے نسوانی تعلیم میں میزانیے کا ایک غالب حصہ لگایا جائے تا کہ اس حوالے سے جو خامی ہمیں تعلیمی میدان میں نظر آ رہی ہے اُسے ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کومردوں سے زیادہ وقار اور احترام دیتا ہے اور وہ ہر رشتے میں تقدس کی حامل ٹھہرتی ہیں، آج ہمارے معاشرے میں ہر شعبہ زندگی کے اندر خواتین اپنا کردار ادا کر رہی ہیں مگر اس کے باوجود خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم نہ صرف ہمارے قومی دامن پر ایک دھبہ ہے بلکہ اس حوالے سے ہمیں معاشرتی تربیت میں ایک فرد قوم کی حیثیت سے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔یاد رہے کہ گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی نے ہندکو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت کیلئے خواتین کو مواقع فراہم کرنے کیلئے تین کامیاب خواتین کانفرنسوں کا انعقاد کیا اور یہ بھی اسی ادارے کا اعزاز ہے کہ پاکستان کی کسی بھی علاقائی زبان میں اس کا خواتین کیلئے شائع کردہ ادبی رسالہ ’’فاطمہ‘‘ وہ پہلا جریدہ ہے جس کی تمام تر لکھاری خواتین ہوتی ہیں۔اس کے تین کامیاب شمارے منظر عام پر آ چکے ہیں۔

مورخہ8 مارچ2018

.

More images

For more images, check out our complete gallery for this event.